اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد کے ترامڑی چوک میں کرونا وائرس سے متاثرہ 16 کیس سامنے آ گئے ہیں، جس پر ترامڑی چوک کا قریبی ایریا سیل کر دیا گیا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اس بارے میں اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ اس ایریا میں سماجی فاصلے کی خلاف ورزیاں ہو رہی تھیں، کرونا کا مثبت کیس ایک دکان میں سامنے آیا جس سے دیگر بھی متاثر ہو گئے، اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اس ایریا کو سیل کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے اس سے پہلے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن میں کورونا وائرس کے کیسز مثبت آنے پر ان دونوں علاقوں کو انتظامیہ کی جانب سے سیل کیا گیا تھا، تاہم وائرس کلیئر آنے کے بعد دونوں علاقوں کو ڈی سیل کر دیا گیا تھا ضلعی انتظامیہ کے مطابق کورونا کے مریض سامنے آنے پر دونوں علاقے سیل کیے گئے تھے جنہیں اب ڈی سیل کیا گیا ہے تاہم شہزاد ٹاؤن کی گلی نمبر 6 ، کوٹ ہتھیال میں بلال مسجد اور مکی مسجد کے علاقے بدستور لاک ڈاون رہیں گے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ ڈی سیل کیے گئے علاقوں میں دفعہ 144 پر عملدرآمد جاری رہے گا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن سے کورونا کے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد علاقوں کو سیل کرکے وہاں جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔اسلام آباد میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 100 سے زائد ہوچکی ہے جب کہ ایک ہلاکت ہوئی ہے۔