اشگباد: ترکمانستان دنیا کا واحد اسلامی ملک جہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وسطی ایشیائی ملک کے دعویٰ کے مطابق وہاں ابھی تک کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ماہرین کے مطابق سنسرشپ کے لیے مشہور ترکمانستان حکومت حقائق چھپا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بی بی سی اردو کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ترکمانستان ایک ایک ایسا اسلامی ملک ہے جس کا دعویٰ ہے کہ وہاں کرونا وائرس کا ایک بھی کیس نہیں ہے۔
اس حوالے سے بہت سے ماہرین میں تشویش پائی جاتی ہے کہ ترکمانستان کی حکومت شاید حقیقت کو چھپا رہی ہے اور اس سے بیماری کو ختم کرنے کی کوششوں میں خلل پڑ سکتا ہے۔ لندن سکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کے پروفیسر مارٹن میکی جنہوں نے ترکمانستان کے صحت سے متعلق نظام کا مطالعہ کیا ہے، کہتے ہیں کہ ترکمانستان سے ملنے والے صحت کے سرکاری اعدادوشمار انتہائی حد تک ناقابل اعتبار ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پچھلی دہائی سے وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ترکمانستان میں ایچ آئی وی یا ایڈز کا کوئی مریض نہیں بچا، جو کہ ناممکن ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ 2000 کی دہائی میں انھوں نے طاعون سمیت کئی وباؤں کے پھیلنے کے شواہد کو دبا دیا تھا۔ ترکمانستان میں کئی افراد یہ تک تجویز کرنے سے خوفزدہ ہیں کہ شاید وہاں کووڈ 19 پہلے ہی موجود ہو۔ بتایا گیا ہے کہ یک طرف دنیا کرونا وائرس سے لڑ رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ ممالک اپنی آبادیوں کو لاک ڈاؤن کر رہے ہیں، وہیں منگل کو ترکمانستان میں عالمی یوم صحت کے موقع پر ایک بڑی سائیکلنگ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ بیشتر دنیا کے برعکس، ترکمانستان میں روز مرہ کی زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔ کیفے اور ریستوران کھلے ہیں۔ شادیوں کے لیے ہجوم جمع ہو رہے ہیں۔ کوئی بھی ماسک نہیں پہن رہا اور بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ ملک کورونا وائرس سے لاحق بڑے خطرے کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے، اور یہ صورتحال اس ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔