فرانس: چین سے شروع ہونے والے کوروناوائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کےساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ابھی تک دنیا بھر میں کورونا وائر س کے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بھی 88 ہزار سے تجاوز کر گئ ہے۔اسی دوران فرانس کے ماہرین کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موٹاپے کے شکار افراد زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔کورونا وائرس کے متعلق حکومت فرانس کو مشورے دینے والی سائنسی کونسل کے سربراہ پروفیسر ژان فرانسوئس ڈیلفریسی نے کہا کہ پچیس فیصد تک فرانسیسی افراد کو موٹاپے کے سبب وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ میں 42.4فیصد نوجوان موٹاپے کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہاں کورونا وائرس بہت تیز رفتار سے پھیلا ہے۔ فرانس کے مقامی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن کا وزن زیادہ ہے ان کو واقعی میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ یہ وائرس خوفناک ہے۔ یہ موٹاپے کا شکار نوجوانوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ ہم امریکہ میں اپنے دوستوں کے بارے میں پریشان ہیں، جہاں موٹاپے کا مسئلہ زیادہ ہے۔ماہرین نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ امریکہ میں موٹاپےکی وجہ سے 1920 میں آنے والے ہسپانوی فلو جیسا مسئلہ بھی پیدا ہو سکتا ہے جس کی تباہی کا اندازہ لگانا ممکن نہیں ہو گا۔ دنیا بھر کے ماہرین کی جانب سے لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایات کی جا رہی ہیں کیونکہ یہی ایک واحد راستہ ہے جس کی مدد سے ہم کورونا وائرس کا شکار ہونے سے بچ سکتے ہیں، مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ اپنی صحت برقرار رکھیں تا کہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔