واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پیش نظر نیویارک میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایک ہزار فوجیوں کو نیویارک میں تعینات کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز سمیت تمام طبی سامان کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، تمام سینیٹرز اچھا کام کر رہے ہیں، میری حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے ہرممکن اقدام کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے جلد خاتمے کیلئے تمام اقدامات کر رہے ہیں، کورونا کی ویکسین آنے میں 15 سے 20 ماہ لگ سکتے ہیں۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دوہفتوں میں امریکا میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے امریکیوں کو بتایا ہے کہ آئندہ دوہفتے کورونا وائرس کے حوالے سے امریکیوں کیلئے انتہائی مشکل ہوسکتے ہیں اور بڑی تعداد میں اموات ہوسکتی ہیں۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے وفاقی حکومت پر ہونے والی تنقید کو بھی مسترد کردیا ہے جس میں ان پر وینٹی لیٹرز کی کمی، مشینوں کی عدم دستیابی وغیرہ کے حوالے سے تنقید کی تھی۔رائٹرز کے مطابق امریکا اس وقت سب سے زیادہ کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اس وقت آٹھ ہزار تین سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد تین لاکھ چھ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔امریکہ میں ایک دن میں اب تک دنیا میں سب سے زیادہ 1169 اموات بھی ہوئی ہیں۔امریکی صدارتی محل وائٹ ہاوس کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وائرس سے ایک لاکھ سے دولاکھ چالیس ہزار افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے ماہرین کاکہنا ہے کہ ہلاکتیں گھروں میں قرنطینہ کے باوجود بھی ممکن ہیں۔ٹرمپ کہتے ہیں کہ ہم ایک ایسے وقت کا سامنا کرنے جارہے ہیں کس اس سے پہلے نہ دیکھا نہ سنا۔ شاید جنگ عظیم اول اور دوم میں بھی ایسی کوئی چیز نہیں دیکھی سنی۔خیال رہےدنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 12 لاکھ ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 64500 سے زائد ہے۔لندن میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نو دن میں تیار کیے گئے ہزاروں بستروں پر مشتمل ایک نئے فیلڈ ہسپتال کا افتتاح کیا گیا ہے۔ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر معاشی مشکلات کو ٹالنا ممکن نہیں جبکہ ایشیا کے کئی ممالک سمیت دنیا بھر میں دو کروڑ 40 لاکھ لوگ غربت سے نجات حاصل نہیں کر پائیں گے۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ دنیا کو کورونا کی شکل میں دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑی امتحان کا سامنا ہے۔