لاہور: پی آئی اے نے کراچی سے احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کرنےکا اعلان کردیا ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے عملے کو کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ کرنا حکومت پاکستان کی ہدایات کے منافی ہے، لیکن سندھ حکومت زبردستی کپتانوں کو قرنطینہ کرنے پر بضد ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پی آئی اے کے فضائی عملے میں کورونا وائرس سے متعلق اطلاعات پر انہیں کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ کا فیصلہ کیا ہے۔ جس پر قومی ایئرلائن نے کراچی ایئرپورٹ سے اندرون بیرون ملک احتجاجاً فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ پی آئی اے کے فضائی عملے میں کورونا وائرس کی موجودگی سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ایسی اطلاعات گمراہ کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فضائی عملہ حکومت پاکستان کے وضع کردہ ہدایات پر عمل پیرا ہے۔ حکومت کی وضع کردہ ہدایات میں ڈس انفیکشن سے لے کرصحت سلامتی کی تمام چیزیں شامل ہیں، لیکن سندھ حکومت زبردستی کپتانوں کو قرنطینیہ کررہی ہے۔ جو کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے منافی ہے۔ تاہم پی آئی اے نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہونے تک کراچی سے فلائٹ آپریشن معطل کررہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے بھی سندھ حکومت کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا فضائی عملہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی خدمات انجام دے رہا ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے نے کراچی سے کینیڈا اور برطانیہ کیلئے آپریشن معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے لاہور سے برطانیہ اور کینیڈا کیلئے جزوی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے لاہور سے ٹورنٹو اور برطانیہ کیلئے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی، 5 سے 9 اپریل تک لاہور سے 4 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔مانچسٹر سے اسلام آباد روانہ ہونے والی پروازبھی لاہور اتاری جائے گی جب کہ 7 اپریل کو کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز اب لاہور سے روانہ ہو گی۔
7 اپریل کو کراچی سے لندن کی پروازبھی ری شیڈول کر دی گئی ہے جو اب لاہور سے روانہ ہو گی، لاہور سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز پی کی783 واپسی پر اسلام آباد اترے گی۔8 اپریل کو لاہور سے لندن کیلئے پر واز پی کے 757 روانہ ہوگی، یہ پرواز لند ن سے واپسی پر اسلام آباد لینڈ کرے گی۔8 اپریل کو لاہور اور مانچسٹر کے لئے پی کے 709 آپریٹ ہو گی اور 9 اپریل کو لاہور سے لندن کی پرواز پی کے 785 آپریٹ ہو گی۔پی آئی اے نے لاہور سے آپریٹ ہو نے والی پروازوں کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔