Saturday November 30, 2024

فلاحی ادارہ گیٹس فائونڈیشن حکومتوں سے زیادہ متحرک بل گیٹس نے واضح اعلان کر دیا

واشنگٹن : مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بل گیٹس نے کہا ہے کہ ان کا فلاحی ادارہ گیٹس فائونڈیشن کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑنے کے حوالے سے حکومتوں سے زیادہ تیز کام کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا ادارہ وبائی امراض کے حوالے سے مہارت رکھتا ہے اور ہم نے وبا کے بارے میں سوچ رکھا تھا اور ہم کچھ امور جیسے ویکسین کی تیاری کے حوالے سے زیادہ تیار ہیں، ہماری سرمایہ کاری تیاری کے عمل کی رفتار کو تیز کرسکتی ہے۔

بل گیٹس نے مزید کہا کہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والی متعدد ویکسینز میں سے 7 بہترین کا انتخاب اور ان کی تیاری کے لیے فیکٹریاں تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ہم آخر میں ان میں سے 2 کا ہی انتخاب کریں گے، مگر ہم تمام ویکسینز کے لیے الگ الگ فیکٹریوں کی تعمیر پر سرمایہ لگائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اربوں ڈالرز ضائع ہوجائیں مگر آخر میں موثر ترین ویکسین کی فیکٹری کے لیے وقت ضرور بچ جائے گا اور ویکسین کی تیاری اور فیکٹری کی بیک وقت تعمیر کرنا، ویکسین کو تیزی سے تیار کرنے کے لیے ضروری ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بل گیٹس نے کہا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں 18 ماہ کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے اور اس وقت بہتر نظر آنے والی کچھ ویکسینز کے لیے منفرد آلات درکار ہیں۔ اب انہوں نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ ارب ڈالرز ہم فیکٹریوں کی تعمیر پر ضائع کردیں اور آخر میں کسی اور بہتر ویکسین کا انتخاب کرلیا جائے، مگر موجودہ صورتحال میں چند ارب ڈالرز، ان کھربوں ڈالرز سے بہتر ہیں جو معاشی نقصان کی نذر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کئی ماہ ضائع ہونے سے بچالیں گے کیونکہ اس وقت ہر مہینہ قیمتی ہے۔

FOLLOW US