کراچی: سندھ حکومت نے پہلا ڈرائیو تھرو کورونا ٹیسٹ سینٹر قائم کردیا ہے، جس سے گاڑی میں بیٹھے ہی ٹیسٹ لیا جائے گا، ڈرائیو تھرو ٹیسٹ کے 3 مرحلے ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی میں پہلا ڈرائیو تھرو کورونا ٹیسٹ سینٹر قائم کردیا ہے۔ یہ سینٹر محکمہ بلدیات اور محکمہ صحت نے مشترکہ طور پر قائم کیا ہے۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ڈرائیو تھرو کرونا ٹیسٹ سینٹر کا دورہ کیا اورانہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا۔ ڈرائیو تھرو سینٹر میں وزیر بلدیات کا ٹیسٹ منفی آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈرائیو تھرو کورونا ٹیسٹ سینٹر میں گاڑی میں بیٹھے ہی ٹیسٹ لیا جائے گا۔ ڈرائیو تھرو ٹیسٹ کے 3 مرحلے ہوں گے۔ واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہی روز میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ، نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 1542 تک جاپہنچی ہے۔ مزید برآں وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت سندھ، وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کی قیادت میں کارونا کے خلاف پوری قوت سے برسر پیکار ہے اور عنقریب ہم سندھ سے اس موذی بیماری کا مکمل طور پر خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت سندھ کی فوری اور تیز تر پیش رفت کی بدولت سندھ میں کارونا کی وباء تباہی پھیلانے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور عنقریب عوام اور تمام متعلقہ اداروں کے تعاون کی بدولت سندھ سے اس آفت کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیر اعلی سندھ کے بروقت اقدامات کی عالمی سطح پر پذیرائی پورے ملک اور عوام کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ آج ملک میں جتنی ضرورت اتحاد و یکجہتی کی ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔