Friday November 29, 2024

بیرون ملک سے آئی خاتون نے اپنی ٹریول ہسٹری چھپا کر ریسکیو اہلکار کو بھی کرونا وائرس کا شکار بنا دیا

جہلم : بیرونِ ملک کا سفر کر کے آئی خاتون نے اپنی ٹریول ہسٹری چھپا کر ریسکیو اہلکار کو بھی کرونا وائرس کا شکار بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقے آئمہ جٹاں کی رہائشی خاتون کو ریسکیو اہلکار نے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا جہاں ریسکیو اہلکار کی جانب سے اس کے بیرون ملک کے سفر کے بارے میں پوچھا گیا جس پر خاتون نے جھوٹ بولالیکن کچھ روز بعد خاتون میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ خاتون کی لا پراوہی نے دوسروں کی زندگیاں بچانے والے ریسکیو اہلکار کی زندگی بھی خطرے میں ڈال دی۔ ڈسٹرکٹ انچارج ڈاکٹر فیصل کے مطابق متاثرہ ریسکیو اہلکار عزیز نے کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ابتدائی طور پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

جبکہ ریسکیو اہلکار عزیز کو مزید طبیعت بگڑنے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر کے اس کے خون کے نمونے کرونا ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھر کے 10 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔جن افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے کہ ان میں سے 8افراد سعودی عرب سے واپس آئے تھے جبکہ 2افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔ وائرس تشخیص ہونے کے بعد تمام افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔یال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا شکار ایک اور مریض جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے بعد وائرس سے متاثرہ انتقال کر جانے والے افراد کی کل تعداد 22 ہوگئی ہے۔
جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ ملک بھر سے اب تک 1690 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مقامی سطح پر کرونا وائرس کے29 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے، مقامی لوگوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے، کل 1625 کیسز میں 857 ایران سے آنے والے زائرین اور 247 دیگر ممالک سے آئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 99 کورونا کیسز سامنے آئے، ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز کی تعداد گزشتہ روزسے کم ہیں۔ اسی طرح 5 اموات ہوئیں۔ جس کے ساتھ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 1690ہوگئی ہے۔ ابھی تک 21اموات ہوچکی ہیں۔ ہسپتالوں میں 783 میں سے 773 افراد کی حالت بہترہے جلد صحت یابی متوقع ہے۔ آنے والے دنوں میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

FOLLOW US