لاہور(ویب ڈیسک)عالمی ادارہ صحت کی نئی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس ہوا کے ذریعے کسی انسان میں منتقل نہیں ہوسکتا بلکہ یہ متاثرہ شخص کے چھینکنے، کھانسنے یا بولنے کے دوران منہ سے نکلنے والے آبی ذرات کے ذریعے کسی انسان میں منتقل ہوتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ یہ آبی ذرات بھاری ہوتے ہیں اور یہ ہوا میں قائم نہیں رہ سکتے اور زمین پر گرجاتے ہیں اسی لیے یہ وائرس ایسی جگہوں پر موجود ہوتا ہے جس جگہ سے کسی متاثرہ شخص کا رابطہ رہا ہو۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق متاثرہ شخص سے ایک میٹر سے کم فاصلہ رکھنے پر اس وائرس کے منتقل ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، یا ایسی کسی جگہ جہاں متاثرہ شخص نے ہاتھ لگایا ہو یا اس جگہ پر چھینکا ہو، اس جگہ یا چیز کو چھونے کے بعد اگر ہاتھ چہرے ، آنکھ ،ناک یا منہ پر لگایا گیا تو وائرس منتقل ہوجائے گا، اسی لیے کسی بھی چیز کو چھونے کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھونے کی احتیاطی تدبیر بتائی جارہی ہے۔عالمی ادارہ صحت نے احتیاطی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص سے ملاقات کے دوران ایک میٹر کا فاصلہ رکھیں، متواتر استعمال میں آنے والی چیزوں کو ڈی سینی ٹائزکریں ،اپنے ہاتھوں کو بار بار دھوئیں اور کسی بھی حالت میں اپنے چہرے، آنکھ ، ناک یا منہ کو چھونے سے گریز کریں۔