Tuesday November 25, 2025

معمولاتِ زندگی درہم برہم۔سعودی عرب کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان

ریاض(ویب ڈیسک)سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلائوکو روکنے کے لیے پورے ملک میں لاک ڈاون کر دیا گیا۔ گزشتہ روز لگائی گئی پابندی 16 روز تک جاری رہے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے سعودی عرب نے ٹرینوں، بسوں اور ٹیکسیوں سمیت انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک پروازوں کو بند کردیا۔ قومی اداروں میں بھی چھٹیاں دے دی گئی ہیں جبکہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے پہلے سے ہی بند ہیں۔تمام بڑے شاپنگ مالز اور تفریحی پارک بند کر دیئے گئے ہیں، مملکت کی تمام بڑی سپر مارکیٹس میں وافر مقدار میں روزمرہ زندگی کی اشیاء خورد و نوش موجود ہیں۔

مملکت بھر میں کلینک ، دواخانے اور اسپتال کھلے ہوئے ہیں، ہیلتھ اسٹاف 24 گھنٹے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے توار سے ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی بیچز ، سوئمنگ پول ، سینما گھر ، پبلک پارک اور ورزش گاہیں( جِم ) دو ہفتے تک عارضی طور پر بند کردیئے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امارات کی حکومت نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید نئے احکامات جاری کردیئے اور ریستورانوں اور کھانے پینے کی جگہوں میں بیٹھنے کی گنجائش کو 20 فی صد تک محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔لوگوں کو پھر یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سماجی فاصلہ اختیار کریں اور ایک دوسرے سے دو میٹر تک دور رہیں۔ حکومت نے شہریوں پر زوردیا کہ وہ تازہ ہوا میں ورزش کریں۔ریستورانوں اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔انھیں بند نہیں کیا گیا اور انھیں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دوسری جگہوں ، دفاتر یا مکانوں میں کھانے کے آرڈر مہیا کرنے کی اجازت ہوگی۔