اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا وائرس کے خطرے کی پیش نظر فوج کو طلب کرلیا گیا ہے اور صوبہ سندھ کو آج رات 12بجے سے مکمل لاک ڈائون کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ عوام سے گزارش کی گئی ہےکہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اپنے ہمرا ہ لازماً قومی شناختی کارڈ ضرور رکھیں ۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت نے آرٹیکل 245کے تحت صوبے بھر میں لاک ڈائون کیلئے فوج کو طلب کر لیاہے جس کے بعد آج رات 12بجے سندھ میں لاک ڈائون کا آغاز ہو جائے گا ۔ دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس کی وبا چہار سو اپنے پنجے آہستہ آہستہ گاڑتی جا رہی ہے ۔
ان حالات کے پیش نظر پاکستان میں کچھ سیاسی رہنمائوں کی جانب سے پاکستان میں مکمل لاک ڈائون کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے وزیر اعظم اسلامیہ جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان نے چند منٹ قبل پاکستانیوں سے خصوصی خطاب کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مکمل لاک ڈائون کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم اگر میں پاکستان کو مکمل لاک ڈائون کی طرف لے جاتا ہوں تو پھر ہمارے غریب بھائیوں کا کیا ہوگا۔وہ 2ہفتوں تک کس طرح اپنا اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالیں گے ۔ اگر پاکستان میں اٹلی یا چین جیسی صورتحال ہوتی تو ضرور لاک ڈائون کر دیتا تاہم ابھی پاکستان میں ایسے حالات نہیں اور نہ ہی حکومت پاکستان ابھی ایسی صورتحال میں ہے کہ وہ چین کی طرح اپنے شہریوں کو گھرگھرجا کر انہیں کھانا فراہم کر سکے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ کروناوائرس سے بچائو کیلئے تمام پاکستانیوں کو سیلف لاک ڈائون کی جانب جانا ہوگاکہ جیسے ہی طبیعت میں خرابی محسوس ہو تو اپنے گھر میں ہی رہیں اور باہر نہ نکلیں کیونکہ یہ وائرس بہت زیادہ جان لیوا نہیں ہے، اس سے بچا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی وہ کرونا کے حوالے سے مکمل ذمہ دار رپوٹنگ کریں اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔









