Wednesday October 23, 2024

سعودی عرب میں کرونا وائرس کے باعث مساجد بھی بند مسجدکے باہر بیٹھے شخص کی رقت آمیز دُعاسب کی توجہ کا مرکز بن گئی

ریاض: سعودی مملکت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر مساجد میں باجماعت نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ تمام نمازیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نمازیں گھروں پر ہی ادا کریں۔ مساجد کے بند ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگ انتہائی غمزدہ ہیں۔ سوشل میڈیا پرایک غیر مُلکی کی ایسی تصاویر وائرل ہوئی ہیں جو ریاض کی ایک بند مسجد کے دروازے کے باہر بیٹھ کر دُعا مانگ رہا ہے اور ساتھ میں بلند آواز میں رورہا ہے۔ اس شخص کی رقت آمیز دُعا نے لاکھوں افراد کو غمزدہ کر دیا ہے کیونکہ سعودی مملکت میں کبھی ایسی نوبت نہیں آئی تھی کہ حکام کی جانب سے نہ چاہتے ہوئے بھی انتہائی مجبوری کے عالم میں لوگوں کا مساجد میں داخلہ بند کر دیا جائے۔

یہ غیر مُلکی شخص شلوارقمیص میں ملبوس ہے جس کی وجہ سے بظاہر یہی لگتا ہے کہ اس کا تعلق پاکستان سے ہے۔ تاہم اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔
المرصد اخبار کے مطابق یہ غیر مُلکی مغرب کی اذان کے بعد مسجد کے باہر بیٹھ گیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ تصاویر شیخ حامد الذیر مسجد کے موذن معاذ القحطانی نے ہی اپنے موبائل کیمرے سے کھینچ کر محفوظ کر لیں اور پھر اسے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کر دیا۔ موذن معاذ القحطانی نے اپنی پوسٹ کے ساتھ تحریر کیا ہے ”یہ کارکن میری مسجد میں ہونے والی تمام نمازیں باجماعت ادا کرتا رہا ہے۔ ہم سب اللہ کے آگے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں اور اس سے مغفرت کے طلب گار ہیں“

معاذ نے بتایا کہ یہ غیر مُلکی کارکن بند کی گئی۔ مسجد کے دروازے کے باہر بیٹھ کر اس بات پر آنسو بہا رہا تھا کہ وہ مسجد میں نماز ادا کرنے سے محروم ہو گیا ہے۔ کیونکہ قرآن مجید میں حکم دیا گیا ہے کہ مسلمان اپنی نمازیں مساجد میں ادا کیا کریں۔ “واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت بھر میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے اور کئی تجارتی اور تفریحی مراکز بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو بھی چھُٹیاں دے دی گئی ہیں۔ سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے مقامی اور تارکین وطن کوبتایا ہے کہ کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر نماز جنازہ صرف قبرستانوں میں ادا کی جائے گی۔
انہوں نے لوگوں کو تاکید کی ہے کہ نماز جنازہ میں کم سے کم لو گ شریک ہوں۔ شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے بتایا ہے کہ اگرچہ ملک بھر میں مساجد بند کر دی گئی ہیں تاہم جامع مساجد میں میتوں کو غسل دینے والے مراکز کھُلے رہیں گے۔ سعودی حکومت نے پورے ملک کی مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم اس پابندی کا اطلاق مسجد الحرام اور مسجد نبوی پر نہیں ہو گا۔ اعلان کیا گیا ہے کہ مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی کے فیصلے کا اطلاق فوری کر دیا گیا ہے۔

FOLLOW US