Wednesday October 23, 2024

کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہونے کا پیغام دُبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کا عوام کیلئے لکھا خط وائرل

دُبئی: متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 130 کا ہندسہ عبور کر چکی ہے اور خدشہ ہے کہ اگلے چند روز میں مزید درجنوں افراد میں اس موذی وائرس کی تشخیص ہو سکتی ہے۔ اسی وجہ سے اماراتی عوام اور تارکین بہت زیادہ پریشانی اور تشویش میں مبتلا ہیں۔ ایسی بحرانی کیفیت میں دُبئی کے ولی عہد اور دُبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد نے امارات میں مقیم تمام افراد کے نام ایک خط کُھلا خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے لوگوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بالکل خوف زدہ نہ ہوں۔

اس خط میں انہوں نے کہا کہ ہم سب خُدا کی ذات پر ایمان رکھتے ہیں۔ ہمارے پاس ایک مضبوط اور پُرعزم لیڈرشپ بھی موجود ہے۔ شیخ حمدان نے یقین دلایا کہ اماراتی اور تارکین کی صحت اور سلامتی حکمرانوں کے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔۔ ایسی صورت میں لوگوں کو کورونا سے گھبرانے کی قطعاً ضرورت نہیں۔ انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ لوگوں کی صحت کی حفاظت کے لیے مملکت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ ہر عہدے دار ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام ادا کر رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی بحرانی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح سے متحد ہے۔یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم خود کو، اپنے گھر والوں کو اور اپنے سماج کے تمام افراد کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنے حصے کا کردار بھرپور انداز سے ادا کریں۔

شیخ حمدان نے لوگوں کو تاکید کی کہ وہ موجودہ صورت حال کے باعث اپنے طرز زندگی اور معمولات میں عارضی طور پر تبدیلی لائیں اور حفظان صحت کے اصولوں پر پوری طرح سے عمل کریں ، اور ممکنہ حد تک احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اپنے خط کا اختتام انہوں نے ان الفاظ سے کیا ”آپ کا بھائی، حمدان بن محمد بن راشد المکتوم“ ۔یہ خط اس وقت بہت وائرل ہو گیا ہے اور لوگ ولی عہد کی حساسیت اور عوام کے لیے فکر مندی کی شاندار الفاظ میں تعریف و تحسین کر رہے ہیں۔

FOLLOW US