ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد، پابندی کا اطلاق فوری اور ایک ماہ کیلئے ہوگا، فیصلہ کرونا وائرس خدشات کے باعث لیا گیا، امارات میں اب تک 98 کیسز رپورٹ ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ملک بھر میں تمام مساجد میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے باعث متحدہ عرب امارات کی کسی بھی مسجد میں اگلے ایک ماہ تک نماز کی ادائیگی کی اجازت نہیں ہوگی۔ امارات کی تمام مساجد کو ایک ماہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق آج 16 مارچ سے ہی کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب خلیجی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اماراتی وزارت صحت کے مطابق امارات میں مزید 12 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی گنتی 98 ہو گئی ہے۔
ان تمام افراد کو قرنطینہ میں منتقل کر کے ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ اماراتی حکومت کے موثر انتظامات کے باعث اگرچہ مریضوں کی گنتی میں بہت زیادہ اضافہ نہیں ہو رہا، تاہم امارات میں مقیم مقامی اور تارکین وطن تشویش کا شکار ہیں۔ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے ایک تازہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں بزرگ افراد کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنا تمام تر وقت گھر پر ہی گزاریں اور پْرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں۔معمر افراد کے نام جاری اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ بڑی عمر کے افراد کورونا وائرس کا آسان شکار ثابت ہو رہے ہیں، اس لیے انہیں اس موذی مرض سے بچنے کی خاطر زیادہ محتاط رویہ اپنانا ہو گا اور زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ وزارت صحت نے اماراتی اور تارکین وطن سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر میں موجود برزگوں کا خاص خیال رکھیں۔ان کی صحت کے تحفظ کی خاطر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ جس میں ان کے باقاعدگی سے ہاتھ دْھلانا اور انہیں صاف سْتھرا ماحول فراہم کرنا شامل ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امارات میں مقیم افراد کو کرونا وائرس کی وبا سے بچانے کی خاطر نگرانی کا عمل تیز تر کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت کی جانب متعارف کیے گئے پروٹوکولز اور معیارات کو سامنے رکھ کر متاثرہ افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ جس کے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ موثر علاج کے باعث کرونا وائرس کے بیشتر مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور باقی مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے جن پر قابو نہ پایا جا سکا۔