لاہور : جیو نیوز کو ملک بھر میں بند کر دیا گیا ، جیو نیٹ ورک حکام کا الزام ہے کہ کیبل نیٹ ورکس کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ چینل کو یا تو بند کر دیا جائے، یا پچھلے نمبروں پر ڈال دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے حکام الزام عائد کر رہے ہیں کہ ملک بھر میں ان کے چینل کو بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جیو نیوز کے عہدیدار اظہر عباس کی جانب سے ٹوئٹ کیا گیا ہے:
Cable operators are apparently getting from Pemra to shut or put Geo News on back numbers. This started immediately after MOI Dr Firdous presser pic.twitter.com/REqoJQjEeN
— Azhar Abbas (@AzharAbbas3) March 13, 2020
انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پیمرا جیو نیوز کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس کے بعد جیو کی نشریات کو مختلف کیبل آپریٹرز سے بند کروا دیا گیا یا پچھلے نمبرز پر ڈال دیا گیا ہے۔ دوسری جانب صحافتی تنظیموں نے جنگ، جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ایما پر نیب کے اس اقدام سے نہ صرف جنگ اور جیو کے ہزاروں کارکنوں کا روزگار دائو پر لگ گیا ہے بلکہ حکومت کی میڈیا دشمن پالیسی بھی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری جنگ پر حملہ نہیں بلکہ یہ حکومت کی ناکام پالیسیوں پر کڑی تنقید کرنے والے میڈیا ہائوسز کے خلاف کریک ڈائون کی شروعات ہے جس کی زد میں مزید صحافتی ادارے بھی آئیں گے۔ حکومت نیب اور ایف آئی اے کے اداروں کو استعمال کرکے آزادی صحافت کا گلا گھونٹنا چاہتی ہے جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، گذشتہ چار ماہ سے جنگ جیو کے نہ صرف اشتہارات بند ہیں بلکہ میر شکیل الرحمٰن، جیو کے اینکرز، رپورٹرز کو مسلسل نیب کی طرف سے دھمکیاں دینے کا سلسلہ بھی جاری تھا جس کے بعد نیب نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کرلیاہے۔ ان کی فوری رہائی عمل میں لائی جائے ۔