برلن: 70 فیصد جرمن آبادی کا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے تشویشناک صورتحال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ماہرین کو خدشہ ہے کہ جرمنی کی 60 سے 70 فیصد آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس صورتحال میں جبکہ کورونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج موجود نہیں ہے اور حکومتوں کو اس کا پھیلاؤ روکنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برلن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ جب وائرس موجود ہو اور عوام کے پاس اس کا علاج نہ ہو تو 60 سے 70 فیصد آبادی متاثر ہوسکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار کم کر کے نظامِ صحت پر پڑنے والے دباؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ یہ وقت سے جیتنے والی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپین میں مریضوں کی تعداد 3 گنا بڑھ گئی ہے جبکہ اٹلی میںکورونا وائرس سے متاثر 168 افراد کی اموات ہوئیں ہیں جس کے بعد کورونا وائس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 631 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت جرمنی میں 1,565افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ دوسری جانب جرمنی سے واپسی پر پولینڈ کے آرمی چیف کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ ولینڈ کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ مسلح افواج کے سربراہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ وہ جرمنی کے سفر پرتھے۔ واپسی پران کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی کی تصدیق کی گئی ہے۔عر ب ٹی وی کے مطابق پولش وزارت دفاع نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں بتایا کہ جرمنی میں فوجی اجلاس سے واپسی کے بعد جنرل جاروسلاف میکا کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا گیا جس کی رپورٹ سے پتا چلا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ ان کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افسران کو الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔