Friday November 29, 2024

کامران اکمل سے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ چھن گیا

ملتان: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مایہ ناز بلے باز شین واٹسن نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شین واٹسن نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کامران اکمل سے چھین لیا۔ انہوں نے یہ سنگ میل ملتان میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے بارہویں میچ میں عبور کیا، واٹسن نے ملتان سلطانز کے باؤلر عمران طاہر کو 14 ویں اوور میں چھکا جڑ کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

کامران اکمل 73 چھکوں کے ساتھ ٹاپ پر تھے تاہم ملتان سلطانز کے خلاف 80 رنز کی دھواں دھار اننگز میں واٹسن نے 7 چھکے لگائے، جس کے بعد ان کے چھکوں کی تعداد75 ہوگئی ہے اور وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ جبکہ سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں واٹسن دوسرے نمبر ہیں۔ زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں کامران اکمل 1459 رنز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، شین واٹس 1253 رنز کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز کے بابر اعظم 1160 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کے بارہویں میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو30رنز سے شکست دیدی ہے۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 200رنز کا ہدف دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 200 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز جیسن روئے اور شین واٹسن نے ٹیم کو 57رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

اس کے بعد گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی بلے باز اختتامی اوورز میں ملتان سلطانز کی جانب سے کرائی گئی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور وہ مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 169رنز ہی بنا سکے۔ ملتان سلطانز نے میچ میں 30رنز سے کامیابی حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ان کے پوائنٹس کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری بنانے والے رلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

FOLLOW US