کابل(نیوز ڈیسک ) پشتون تحفظ مومنٹ کے رہنما محسن داوڑ کو افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری کے لیے شرکت کا دعوت نامہ آ گیا۔تفصیلات کے مطابق افغان حکومت کی پی ٹی ایم سے قربت کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا۔ افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پی ٹی ایم رہنما محسن داوڑ کو دعوت دی گئی ہے۔ افغان سفارتخانے کی جانب سے محسن داوڑکو شرکت کا دعوت نامہ دیا گیا ہے ۔افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری 27 فروری کو ہو گی، افغان الیکشن کمیشن نے 6 ماہ بعد ڈاکٹر اشرف غنی کی صدارتی الیکشن میں کامیابی کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ستمبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے افغان انڈیپینڈنٹ الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ نو منتخب
صدر کو 50.6 فیصد ووٹ ملے جب کہ حریف امیدوار عبد اللہ عبداللہ کو 39.52 فیصد ووٹ ہی حاصل کرسکے۔قبل ازیں 23 دسمبر کو حاصل ہونے والے ابتدائی نتائج سے صدر اشرف غنی کی کامیابی صاف نظر آرہی تھی تاہم حریف امیدوار عبد اللہ عبد اللہ نے ابتدائی نتائج پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے صدارتی انتخاب کو فراڈ قرار دیا تھا جب کہ حتمی نتائج میں دو ماہ کی تاخیر ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی وجہ اعتراضات کی درخواستوں کو نمٹانا تھا۔واضح رہے کہ افغانستان میں ہونے والے صدارتی الیکشن کو امن و امان کی مخدوش حالت کے باعث بار بار معطل کیا جاتا رہا ہے اور بالاخر کافی تاخیر کے بعد گزشتہ برس 28 ستمبر کو صدارتی الیکشن کا انعقاد ہوا تھا جس کے ابتدائی نتائج کا اعلان دسمبر میں کیا گیا تھا۔