راولپنڈی : سرحد پر پاک فوج اور بھارتی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی، پاک فوج کا جوان شہید، بھارتی فوج کی بھی چیک پوسٹوں کے پرخچے اڑا دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز آزاد کشمیر کی وادی لیپا کے مقام پر بھارتی فوج اور پاک فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے لیپا سیکٹر پر پاک فوج کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جواب امتیاز علی جام شہادت نوش کر گیا۔ 23 سالہ امتیاز علی کا تعلق خیبرپختونخواہ کے شہر نوشہرہ سے بتایا گیا ہے۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج نے بھی بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
پاک فوج کی جوابی کاروائی میں بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جوابی کاروائی کے دوران بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کو ٹھیک ٹھاک نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ ایک برس کے دوران لائن آف کنٹرول پر شرانگیز کاروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بھارتی فوج کی شرانگیز کاروائیوں کے نتیجے میں ایک سال کے دوران درجنوں معصوم شہری اور پاک فوج کے جوان شہید ہوئے ہیں۔ جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائیوں میں سینکڑوں بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔