لاہور: پشاور زلمی کا اپنے مداحوں کیلئے بڑا سرپرائز، ڈیرن سیمی کی کپتانی سے چھٹی، ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 5 کیلئے نئے کپتان کا نام فائنل کر لیا گیا، فاسٹ باولر وہاب ریاض ٹیم کی قیادت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی ایک مرتبہ کی چیمپئن پشاور زلمی نے پی ایس ایل 5 میں ایک نئے کپتان کیساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ 5 میں پشاور زلمی کی کپتانی فاسٹ باولر وہاب ریاض کریں گے۔ اس سے قبل گزشتہ 3 سیزنز میں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کیلئے شاہد آفریدی کو کپتان بنایا تھا، تاہم بعد اگلے 3 سیزنز میں پھر ویسٹ انڈین ڈیرن سیمی ٹیم کے کپتان رہے اور ان ہی کی کپتانی میں پشاور زلمی پی ایس ایل کی چیمپئن بھی بنی۔ اب پشاور زلمی کی مینیجمنٹ نے 4 سیزنز کے بعد اپنی ٹیم کا کپتان دوبارہ بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باولر ویاب ریاض پشاور زلمی کے نئے اور ممکنہ کپتان ہوں گے۔ تاہم اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کیا جانا باقی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 کا میلہ لگنے میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں۔ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ 5 کے تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں ہی ہوگا۔ پی ایس ایل 2020ء بیس فروری سے 22مارچ تک کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کراچی میں جب کہ فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔