Saturday May 18, 2024

بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، آئندہ چند روز کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان

اسلام آباد : بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل، آئندہ چند روز کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان، سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ، متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں ہفتہ سے بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مرطوب ہوائیں داخل ہو رہی ہیں جس سے اگلے چار روز تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔ حکام نے بتایا کہ مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں11ستمبرکو داخل ہو گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 سے 14 ستمبر کے دوران اسلام آباد، لاہور،پشاور،چترال،دیر، سوات،کوہستان، شانگلہ،بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ اور باجوڑ میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ ان چار پانچ روز کے دوران مردان،چارسدہ ، صوابی ،نوشہرہ ، کرم ، کوہاٹ، وزیرستان، کشمیر،گلگت بلتستان، مری ، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، میانوالی، خوشاب،سرگودھا، حافظ آباد، بھکر،لیہ، مظفرگڑھ، تھرپارکر،عمرکوٹ،سانگھڑ، میرپورخاص،ٹھٹھہ اوربدین میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارش سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے تین اضلاع میںبھی 13اور 14ستمبر کو بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بارشوں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد بلوچستان کے ضلع خضدار، قلات، لسبیلہ اور گرد ونواح میں 13اور 14ستمبر کو موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا الرٹ جاری کرنے کے بعد کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے محکمہ پی ڈی ایم اے نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنران کو الرٹ جاری کردیا ہے ۔ محکمہ پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ بارش کے باعث خطرے میں آنے والی آبادیوں کی نشاندہی اور ہنگامی صورتحال میں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ حکام کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے ، مسافروں کوغیر ضروری سفر ،پہاڑی علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

FOLLOW US