دبئی ۔ متحدہ عرب امارات میں موٹاپے سے پریشان شہریوں کے لیے وزن کم کرنے کی انوکھی سرکاری سکیم کا اعلان کردیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے ذرائع ابلاغ کے مطابق اس سکیم کا اعلان محکمہ صحت کے اشتراک سے راس الخیمہ ہسپتال نے کیاہے جس کے تحت فی کلو وزن کم کرنے پر 500 درہم کا انعام دیا جائے گا۔ اس سکیم کا نام ’آر اے کے بگسٹ
ویٹ لوزر چیلنج‘ رکھا گیا ہے جس کا آغاز رواں ماہ 17 فروری سے کیا جائے گا اور یہ سکیم 28 اپریل تک جاری رہے گی۔وزن کم کرنے کی مزکورہ انوکھی سکیم راس الخیمہ کے تمام شہریوں کے لئے ہو گی جس میں 18 برس سے زائد عمر کے لوگ حصہ لے سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے محکمہ صحت کے مطابق ملک کے 70 فیصد مرد جبکہ 67 فیصد خواتین موٹاپے کا شکار ہیں۔