ویانا : عالمی منڈی میں دوران کاروبار خام تیل کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں مزید کمی نہ کئے جانے کا امکان ہے، دوران کاروبار عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید دو ڈالر فی بیرل کمی ہوگئی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 15دنوں میں 7 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے۔ برینٹ خام تیل اٹھاسی ڈالر فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ریفائنری سنرجی کو نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار نجی طور پر روس سے خام تیل درآمد کر لیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مالی مشکلات کا شکار ملک ماسکو سے رعایتی نرخوں پر تیل حاصل کرکے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے بعد یورپی منڈیوں کے لیے اس کی برآمدات پر پابندی کے بعد ماسکو کی جانب سے رعایت کے پیش نظر جنوبی ایشیائی ملک نے خام تیل خریدنے کرنے کی کوششیں شروع کیں۔ حکومت کی جانب سے روس سے درآمد کردہ پہلا کارگو جون میں پاکستان پہنچا تھا جبکہ حکومت سے حکومت کے درمیان دوسرے شپمٹنس کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔یہ فرض کیا گیا ہے کہ نجی درآمدات تجارتی طور پر قابل عمل نہیں ہوں گی کیونکہ دیگر چیزوں کے علاوہ کارگو کو تقسیم کرکے چھوٹے جہازوں کے ذریعے منتقل کرنا پڑتا ہے کیونکہ پاکستانی بندرگاہیں بڑے ٹینکرز کو سنبھال نہیں سکتیں۔