Friday May 3, 2024

سعودی عرب میں 48 وارداتیں کرنے والا پاکستانی گرفتار ملزم سعودی شہری کے ساتھ مل کر وارداتیں کرتا تھا

جدہ: سعودی عرب میں چند پاکستانی تارکین کی جانب سے جرائم کی وارداتوں سے متعلق خبروں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔عام طور پر سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی تارکین باعزت طریقے سے اپنا روزگار کما رہے ہیں۔ ان پاکستانیوں نے ویران اور غیر ترقی یافتہ سعودی مملکت کو ایک جدید ترین ، خوش حال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے، جس کی سعودی حکومت بھی معترف ہے۔ تاہم چند سو افراد ایسے بھی ہیں جو جرائم، غیر قانونی حرکات اور تشدد پسند رویئے کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے رسوائی اور شرمساری کا باعث بنتے ہیں۔ ماضی میں ایسے کئی واقعات پیش آتے رہے ہیں۔اب ایک تازہ ترین کارروائی کے نتیجے میں ریاض پولیس نے ایک پاکستانی ملزم کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے جو سعودی باشندہ ہے۔
پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزمان گاڑیوں کے شیشے توڑ کر قیمتی سامان چرانے کی 48 وارداتوں میں ملوث تھے۔

سعودی باشندے کی عمر 25 سال کے لگ بھگ ہے جبکہ پاکستانی شہری 45 سال کے قریب ہے۔ملزمان چوری شدہ سامان کو سپیئر پارٹس کے طور پر مارکیٹ میں فروخت کر دیتے تھے۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی وارداتوں میں ایک ہی طریقہ کار استعمال ہونے پر پولیس کو اندازہ ہو گیا تھا کہ کوئی ایک ہی گروہ یہ وارداتیں کر رہا ہے۔ جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ گرفتار ملزمان سے 50 ہزار ریال اور سپیئر پارٹس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ریاض پولیس نے 8 افراد کا گینگ پکڑ لیا ہے جس میں پانچ پاکستانی اور 3 افغانی شامل ہیں۔ یہ گینگ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے درجنوں افراد سے لاکھوں ریال لوٹ چکے تھے۔ ان پاکستانی و افغانی جرائم پیشہ افراد نے تازہ ترین واردات ایک پاکستانی کے ساتھ کی تھی۔ جو ایک کمپنی کے دفتر میں ملازم کرتے تھے۔ یہ ڈکیت گینگ سیکیورٹی اہلکاروں کے روپ میں ایک بینک کے باہر گھات لگائے بیٹھا تھا۔جونہی پاکستانی ملازم رقم لے کر باہر نکلا تو تھوڑی دور جا کر ان ڈکیتوں نے اسے ڈرا دھمکا کر اس کے پاس موجود کمپنی کی 4 لاکھ 15 ہزار ریال کی رقم لوٹ لی تھی۔ واردات کرنے والوں کی عمریں 22 سے 40 سال کے درمیا ن تھیں۔ پولیس نے لاکھوں ریال کی اس واردات میں ملوث گینگ کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

جس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گینگ کے تمام افراد کا سراغ لگا کر ان کے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم بھی بازیاب کرا لئی۔ ریاض پولیس کے ریجنل ترجمان میجر الکریدیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف لوٹ مار اور خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اور عدالت میں پیش کرنے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

FOLLOW US