Thursday November 28, 2024

مسجد الحرام میں تقریبا 7 ماہ بعد نماز جمعہ کی ادائیگی، کروڑوں فرزندان اسلام کیلئے جذباتی مناظر

مکہ مکرمہ (نیوز ڈیسک) مسجد الحرام میں تقریبا 7 ماہ بعد نماز جمعہ کی ادائیگی، کروڑوں فرزندان اسلام کیلئے جذباتی مناظر، نمازیوں کے استقبال کیلئے مسجد کے 11 دروازے کھولے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وبا کے پھیلاو کے بعد سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام کو نماز کی ادائیگی کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ مسجد الحرام میں رواں سال محدود پیمانے پر حج کا انعقاد ہوا، جبکہ عمرہ ادائیگی کا سلسلہ بھی کئی ماہ تک بند رہا۔ مسجد الحرام میں تقریباً 6 ماہ تک نماز جمعہ کا اجتماع نہیں ہوا۔ تاہم اب کرونا وائرس خدشات میں کمی آنے کے بعد پہلے عمرہ ادائیگی کی اجازت دی گئی، اور اب آج بروز جمعہ کو 210 دن یعنی تقریباً 7 ماہ کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔

آج بروز جمعہ کی صبح کو ہی نمازیوں کے استقبال کیلئے 11 دروازے کھول دیے گئے تھے۔ نمازیوں کی محدود تعداد نے کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل کرتے ہوئے مسجد الحرام میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی۔ معتمرین کو ہدایت کی گئی کہ وہ باب الملك فهد، أجياد، والصفا، والنبی، وبنی شيبة، والمروة، وسلم الأرقم، وجسر المروة، وعبارة النبی کے دروازوں سے مسجد الحرام میں داخل ہوں۔ جبکہ دوسرے نمازی باقی دروازوں کے ذریعے نماز جمعہ ادائیگی کیلئے مسجد الحرام میں داخل ہوئے۔ مسجد الحرام میں آب زم زم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔ نمازیوں اور زائرین کو آب زم زم پیش کرنے کے لیے اضافی تعداد میں عملہ تعینات کیا گیا۔ نماز جمعہ کے دوران مسجد الحرام میں 27500 زمزم کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔ نماز جمعہ کے دوران نمازیوں اور ملازمین سب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کر کے مثال قائم کی گئی۔

FOLLOW US