Tuesday April 16, 2024

کیرالہ طیارہ حادثہ، امارات سے بھارت واپس جانے والی حاملہ لڑکی بھی جاں بحق، کچھ ہی عرصہ قبل والد کا بھی انتقال ہوا تھا

کیرالہ (ویب ڈیسک) کیرالہ طیارہ حادثہ، امارات سے بھارت واپس جانے والی حاملہ لڑکی بھی جاں بحق، منال کی گزشتہ برس شادی ہوئی تھی، جبکہ کچھ ہی عرصہ قبل والد کا بھی انتقال ہوا تھا، شوہر غم سے نڈھال۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کیرالہ میں پیش آئے طیارہ حادثہ کی وجہ سے کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہوگئے۔ ایسی ہی ایک بدقسمت کہانی متحدہ عرب امارات میں مقیم عاطف نامی شخص کی بھی ہے۔ عاطف اور منال نامی لڑکی کی گزشتہ برس اگست میں شادی ہوئی تھی اور دونوں عجمان میں مقیم تھے۔ عاطف اور منال کا تعلق بھارت کی ریاست کیرالہ سے ہے۔ منال کا ویزا ایکسپائر ہو چکا تھا جس کے بعد اس نے 10 اگست کی ڈیڈ لائن سے قبل بھارت واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منال حاملہ حالت میں گزشتہ روز دبئی سے کیرالہ کیلئے روانہ ہوئی، جبکہ کالہ کٹ ائیرپورٹ پر پیش آئے حادثے کے دوران اسے شدید چوٹیں آئیں۔

بعد ازاں منال ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ منال کا شوہر عاطف غم سے نڈھال ہے اور اس نے بیوی کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے بھارت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ منال کے والد بھی کچھ عرصہ قبل ہی انتقال کر گئے تھے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بھارت میں پیش آنے والے طیارے حادثے کا بلیک باکس مل گیا ہے جس کےبعد تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کا ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، کاک پٹ وائس ریکارڈر اور بلیک باکس ملبے سے نکال لیا گیا ہے جن کی مدد سے حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 22 افراد کو طبی امداد کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے جب کہ 100 افراد زخمی ہیں جن میں سے 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی قومی فضائی کمپنی”ایئرانڈیا“کی یہ فلائٹ 191مسافروں کو لے کر دوبئی سے آئی تھی‘ حادثے کے بعد طیارہ تین حصوں میں تقسیم ہو گیا ، بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔آخری اطلاعات تک حادثے کی وجہ سے 22 افراد ہلاک ہو چکے۔

FOLLOW US