کراچی: شارع فیصل سے پکڑا جانے والا شیر چڑیا گھر میں اپنے مالک کو دیکھ کر گلے سے لپٹ گیا جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔ چند روز قبل کراچی میں شارع فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب ایک شیر مٹر گشت کرتا دکھائی دیا جس نے مصروف شاہراہ پر ٹریفک جام اور لوگوں میں خوف پیدا کردیا تھا۔ یہ شیر گارڈن کے رہائشی شمس نامی شہری کا پالتو ہے جسے وہ گاڑی میں بٹھا کر اسپتال لے جانا چاہتا تھا لیکن شیر گاڑی سے باہر نکل گیا تھا۔ شیر کو پکڑنے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کو طلب کیا جس نے شیر کو قابو کرکے چڑیا گھر منتقل کیا۔
بعدازاں دو دن بعد شیر کا مالک جب چڑیا گھر میں اپنے پالتو شیر سے ملنے گیا تو اس دوران جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیر اپنے مالک سے مل کر گلے سے لپٹ جاتا ہے اور اسے پیار کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ویڈیو میں شیر کو اپنے مالک کے ساتھ کھیلتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے جب کہ مالک شیر کیلئے مرغی کا گوشت بھی لایا۔ واضح رہے شارع فیصل پر مٹرگشت کرنے والے شیر کے مالک کو کراچی کی مقامی عدالت نے 10لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔