Sunday January 19, 2025

ایشیا کپ کے میچز کی منتقلی اے سی سی کیلئے نئی مشکلات کا باعث بن گئی

کولمبو میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ، سری لنکن کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مشکل میں پھنس گئے، میچز کی منتقلی سے متعلق ہنگامی اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ خراب موسم کے باعث ایشیا کپ کے میچز کولمبو سے منتقلی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک بار پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دمبولا شہر کے ہوٹل سے متعلق تحفظات کا اظہار کر دیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ دمبولا کے ہوٹل معیاری نہیں ہیں، جبکہ ہمبنٹوٹا کے ہوٹل انتظامات پر براڈ کاسٹرز نے اعتراض کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے بھی موسم کی وجہ سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مختلف آپشنز پر غور کرنے کیلئے کہہ دیا تھا، اے سی سی کی جانب سے ایشیا کپ کے میچز کی منتقلی کا فیصلہ اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اے سی سی مختلف آپشنز پر غور کرنے کے بعد میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ کو فیصلے سے آگاہ کرے گا۔

واضح رہےکہ سری لنکا میں ان دنوں میں میچز کروانےکا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل نے کیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی بارشوں کی وجہ سے ایشیا کپ کے متاثر ہونے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔ بارش کے باعث 2 ستمبر کو پالی کیلے میں ہونے والا پاک بھارت میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ پر شدید تنقید کی جا رہی تھی کہ ان کی ضد کی وجہ سے ایشیا کپ کا انعقاد پاکستان یا متحدہ عرب امارات( یو اے ای) میں نہ ہوسکا۔

FOLLOW US