Wednesday November 12, 2025

کرکٹ آسٹریلیاکاپاکستان میں ایک ٹی ٹونٹی میچ کےلئے ٹیم بھیجنے پر غور

سڈنی(نیوزڈیسک) کرکٹ آسٹریلیانے پاکستان میں ایک ٹی ٹونٹی میچ کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے پر غور شروع کردیا ہے ،کینگروز یہ میچ کھیلنے کے لیے انتہائی کم وقت کے لیے پاکستان آئیں گے۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے2021ءمیں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں سیریز کھیلنی ہے۔ذرائع کے مطابق آسٹریلوی ٹیم ایک ہی رات میں90منٹ کی فلائٹ لے کر

پاکستان آکر میچ کھیلنے کے بعد اسی رات واپس دبئی روانہ ہوجائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد انگلش بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو اور کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین و سی ای او پاکستان کا دورہ کریں گے،ہم باہر بیٹھ کر کسی کو کچھ بھی بتا دیں جب تک وہ خود آکر نہ دیکھ لے کوئی فائدہ نہیں ہونا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں بورڈز کے حکام کو خود پاکستانی سکیورٹی صورتحال کے جائزے کا موقع دیں، میری لندن میں میچ کے دوران نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے بھی ملاقات ہوگی، تینوں بورڈز سے میرے اچھے مراسم ہیں، یہ سب مجھے جانتے ہیں،میں چاہتا ہوں کہ بورڈ کی سطح پر بھی تعلقات بہتر ہوں، ہماری کوشش ہے کہ2022ءمیں آسٹریلیا اور2023ءمیں انگلینڈ کی ٹیم کو دورے پر بلائیں۔