Wednesday November 12, 2025

وہاب ریاض زخمی ہاتھ کے ساتھ بنگلہ دیش کیخلاف بھی کھیلنے کے لیے پر عزم

لیڈز(نیوزڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ان کیلئے بنگلہ دیش کیخلاف میچ کھیلنا کوئی مشکل کام نہیں ہوگا کیونکہ تازہ انجری کےساتھ افغانستان کیخلاف کھیل گئے تو آئندہ بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی کیونکہ انہیں کچھ دن کا آرام بھی مل جائے گا۔افغانستان کیخلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھاکہ جب وہ تازہ

انجری کے باوجود افغانستان کیخلاف میدان میں اتر گئے اور بالنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی بھی دکھائی تو ان کو ایسا نہیں لگتا کہ بنگلہ دیش کیخلاف انہیں کسی بھی قسم کی کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔ وہاب ریاض نے اعتراف کیا کہ انہیں ابتداءمیں درد محسوس ہو رہا تھا لیکن جب کپتان اور باﺅلنگ کوچ نے استفسار کیا کہ وہ کھیلنے کیلئے تیار ہیں تو انہوں نے گرین سگنل دے دیا اور اللہ کی مہربانی ہے کہ میدان میں اترنے کے بعد انہیں کسی بھی قسم کی کوئی مشکل پیش نہیں آئی اور اب وہ اسی حوصلے کے ساتھ بنگلہ دیش کیخلاف بھی کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ روم میں بہت زیادہ پریشر اور مکمل خاموشی تھی مگر اللہ کا شکر ہے کہ اس میچ میں کامیابی مل گئی۔ انہوں نے شدید دباﺅ کے عالم میں شائقین کی حوصلہ افزائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے جذبات بھی عروج پر تھے اور دونوں ممالک کے شائقین اپنی ٹیموں کو کامیاب دیکھنا چاہتے تھے اور اسی وجہ سے ان کے درمیان رقابت کا پہلو بھی واضح ہوالیکن ڈریسنگ روم میں سب کو اس بات کا یقین تھا کہ اس میچ میں کامیابی پاکستان کو ہی ملے گی اور شکر ہے کہ اللہ نے عزت

رکھ لی۔وہاب ریاض نے مزید کہا کہ اچھے سپنرز کے ساتھ افغانستان کی بیٹنگ قدرے کمزور ہے البتہ یہ آنے والے وقتوں میں بہتر ٹیم کی صورت ابھر سکتی ہے۔