برمنگھم(نیوزڈیسک) بھارت واقعی جان بوجھ کر میچ ہارا، سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی اور ناصر حسین نے بھی سوالات اٹھا دیے، انگلینڈ کے خلاف گزشتہ روز کے میچ میں دھونی اور یادیو کی غیر متوقع سست بیٹنگ نے دونوں سابق کرکٹرز کو بھی حیران کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلیںڈ اور بھارت کے درمیان گزشتہ روز کے میچ کے نتیجے کے حوالے سے
سابق بھارتی کپتان ساروو گنگولی اور ناصر حسین نے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ورلڈکپ کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دینے والے ساروو گنگولی اور ناصر حسین نے کہا کہ دھونی اور یادیو کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں آخری اوورز میں جس انداز کی بلے بازی کی گئی، ان کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔ جو کچھ ہوا وہ سب دیکھ کر وہ حیران ہیں۔ بھارت نے انگلینڈ کے خلاف ہدف حاصل کرنے کی کوشش ہی نہیں کی۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان اسی وقت ہے جب انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے آخری میچ میں ایک میچ میں شکست ہو اور اگر وہ جیت جاتی ہے تو وہ سیدھی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی تاہم گزشتہ روز کے میچ کے بارے میں سکندر بخت نے پیشگوئی کی تھی کہ بھارت جان بوجھ کر یہ میچ ہار جائے گا ،یہ ان کا اپنا نقطہ نظر تھا۔ اس معاملے پر سینئر باولر وقار یونس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ” یہ آپ نہیں ہیں ، جو آپ زندگی میں کرتے ہیں وہ آپ کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کیا ہیں ، پاکستان سیمی فائنل میں جاتا ہے یا نہیں میں اس سے پریشان نہیں بلکہ اس سے ہوں کہ کچھ چیمپئنز کی سپورٹس
مین شپ کا امتحان ہوا اور وہ اس میں بری طرح ناکام رہے۔“ وقار یونس نے اپنے پیغام کے آخر میں انگلینڈ بمقابلہ بھارت کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا ابھی بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ باقی ہے جس میں کامیابی ضروری ہے تاہم اگر انگلینڈ اپنا اگلا میچ بھی جیت جاتاہے توہ سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور پاکستان کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔









