احمد آباد: پاک بھارت ورلڈکپ ٹاکرا بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ؟ بھارتی شہر احمد آباد کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے رپورٹ جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ کل احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس حوالے سے پِچ اور موسم کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی سٹیڈیم کی پِچ بیٹرز کے لیے سازگار ہوگی ،ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں بھی بیٹرز نے یہاں کھل کر رنز بنائے تھے۔ احمد آباد میں میچ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو اضافی باؤنس اور سوئنگ ملے گی جبکہ مڈل اوورز میں سپنرز کو بھی مدد ملنے کی امید ہے تاہم مجموعی طور پر بیٹرز کو شاٹس کھیلنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی ۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات نے نوراتری اور پاک بھارت ٹاکرے کے دوران احمد آباد اور شمالی گجرات میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا کہ “گجرات میں اگلے پانچ دنوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے، وہیں احمد آباد ضلع میں 14 اکتوبر کو الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔” کل احمد آباد میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے اور سخت گرمی اور حبس کی پیشن گوئی بھی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی والٹیج میچ 14 اکتوبر بروز ہفتہ احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔