Friday April 19, 2024

ایڈیلیڈ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں محض 36 رنز بناسکی

ایڈیلیڈ (نیوز ڈیسک) 4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی کی بھارتی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے سب سے کم سکور پر ڈھیر ہوگئی۔آسٹریلیا نے 90 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ بھارت نے میچ کی پہلی اننگز میں 244 رنز بنائے اور میچ کے دوسرے دن آسٹریلین ٹیم بھی 191 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 53 رنز کی برتری کے ساتھ 1 وکٹ کے نقصان پر 9 رنز کے ساتھ ڈے نائٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کا آغاز کیا جو کوہلی الیون کیلئے بھیانک خواب ثابت ہوا اور پوری ٹیم صرف 122 گیندوں پر محیط اننگز میں 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارتی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا اور سب سے زیادہ 9 رنز اوپنر ماینک اگروال نے بنائے،بھارت کی جانب سے پرتھوی شا 4، ماینک اگروال 9، جسپریت بمراہ 2، چتیشور پجارا 0، کپتان ویرات کوہلی 4، اجنکیا راہانے 0، ہنومن وہاری 8، وردھیمان ساہا 4، روی چندرن ایشون 0 جبکہ محمد شامی ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ 36 رنز بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم سکور ہے ،اس سے قبل بھارتی ٹیم کا کم ترین ٹیسٹ سکور42 رنز تھا جب وہ 1974ء میں انگلش بائولرز کے زیر عتاب آئے تھے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کی جوڑی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی ٹیم کا یہ سکور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کے کم ترین سکورز میں 7ویں نمبر پر آگیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے کم رنز پر آؤٹ ہونیکا بدترین ریکارڈ نیوزی لینڈ کے پاس ہے جو 1955ء میں انگلینڈ کیخلاف صرف 26 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ اس کے بعد اگلی 4 مرتبہ کم ترین سکور پر آؤٹ ہونیکی خفت جنوبی افریقی ٹیم کو اٹھانا پڑی،آسٹریلیا کی ٹیم بھی 1902ء میں انگلینڈ کیخلاف 36 رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔

FOLLOW US