Wednesday April 24, 2024

بریکنگ نیوز:ایف بی آر نے کرکٹر محمد حفیظ پر کروڑوں روپے کا ٹیکس عائد کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کرکٹر محمد حفیظ پر 2 کروڑ 60لاکھ روپے کا ٹیکس عائد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر محمد حفیظ کا انکم ٹیکس 2014ء کا آڈٹ کیاگیا، آڈٹ کے مطابق محمد حفیظ نے 2014ء میں 8 کروڑ 60 لاکھ روپے چھپائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 39 سالہ محمدحفیظ کو 8 کروڑ 60 لاکھ چھپانے پر وضاحت کے لیے کئی بار مہلت دی گئی، سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد حفیظ کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ دینے پر ٹیکس عائد کیاگیا۔

ذرائع کے مطابق کرکٹر محمد حفیظ ٹیکس ادائیگی کی بجائے اپیل میں چلے گئے، محمدحفیظ کی اپیل کے فیصلے کے بعد ریکوری کی جائےگی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے کرکٹر محمدحفیظ پر 2 کروڑ 60لاکھ روپے کا ٹیکس عائد کیا گیا ہے اس سے قبل دسمبر 2019ء کو کرکٹر محمد حفیظ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نوٹس کا جواب جمع کروایا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ باقاعدہ ٹیکس فائلر ہیں، انہیں بے بنیاد نوٹس بھیجا گیا۔

FOLLOW US