لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم نوازکی نقل میں سوشل میڈیا کنونشن شروع کردیے۔جس میں عمران خان نے مریم نوازکے نقل شدہ سوشل میڈیا کنونشن میں انہیں پرہی تنقید کے نشتر چلادیے۔ انہوں نے آج یہاں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب سیاست میں آیا تونئی نئی چیزیں کرنا پڑیں۔جلسوں میں ترانوں کاکلچرہم نے ایجاد کیا،تاہم ہمارے ترانوں کا مخالفین مقابلہ نہیں
کرسکتے۔ جوجنون سے ترانے بنتے ہیں وہ پیسوں سے نہیں چلتے۔ مخالفین قیمے والے نان کھلا کرجنون کامقابلہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوشل میڈیا کے ذریعے پارٹی میں لے کرآئے اورپڑھے لکھے لوگوں کومتوجہ کیا۔ ہمارے جلسوں میں سوشل میڈیا کابڑا ہاتھ تھا۔ پھر ن لیگ نے بھی سوشل میڈیا ٹیمیں بنائیں۔ان کے پاس کوئی آئیڈیا توہے نہیں انہوں نے ہماری نقل شروع کردی۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سوشل میڈیا بہت آگے تھا۔ لیکن انہوں نے پیسوں کے ذریعے سوشل میڈیا بنا لیا۔ن لیگ پیسے دے کرسوشل میڈیا میں لوگوں کولیکرآئی۔لیکن اب ہم نے پھر ان سے آگے نکلنا ہے،نئی نئی چیزیں متعارف کروانی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہارتا وہی ہے جو ہار مان لیتا ہے۔2018ء میں تحریک انصاف اور کرپٹ مافیا کامقابلہ ہوگا۔مسلم لیگ ن کبھی بھی ہمارے جنون کامقابلہ نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے حوالے سےمیرے پاس بہت آئیڈیاز ہیں ،ابھی آئیڈیاز نہیں بتاؤں گا، ورنہ مریم نوازکاپی کرلیں گی۔ اسی طرح مجھے ڈرہے کہ نوازشریف بھی نہ کہہ دے کہ نیا پاکستان بناؤں گا۔ اس موقع پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ن لیگ کے کامیاب سوشل میڈیا کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ پہلے سوشل میڈیا میں ہم سب سے آگے تھے لیکن مسلم لیگ ن پیسے خرچ کرکے ہمارے مقابلے میں آگئی ہے۔