اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور ان کے حواریوں کی جھوٹ کی سیاست کو عوام بخوبی سمجھ چکی ہے ، مسلم لیگ نواز کی بنیاد ہی ضمیروں کو خریدنے،جنرل جیلانی کی آشیرباد ،اور منافقت پر مبنی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءمشاہد اللہ خان کے بیانات پر پیپلزپارٹی کا ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ مشاہد اللہ کا پورا خاندان پی آئی اے کو کھا رہا ہے اور وہ اصولی سیاست کی بات کر رہا ہے جو ان کو زیب نہیں دیتی ،مشاہد اللہ صدر آصف علی زرداری پر تنقید کر کہ اپنی نااہل قیادت کے سامنے اپنا سیاسی قد کاٹھ بڑھا رہا ہے۔صدر آصف علی
زرداری نے تخت لاہور اور ان کے حواریوں کی سیاست کو ختم کر دیا ہے۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھاکہ مشاہد اللہ اور اس کی نااہل قیادت سیاست کو کاروبار کے لئے استعمال کرتے ہیں اور ملکی اداروں میں اقربا پروری کر کہ ان اداروں کو تباہ کر رہے ہیں۔