اوگاڈو گو (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کے اندرونی دہشتگردی اور نسلی فسادات کی بھینٹ چڑھنے والے پسماندہ ملکوں میں مسلح افراد غیر ملکی امن مشن کو بھی ناکام بنانے کےلئے متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔ افریقی ملک برکینا فاسو میں دہشت گردوں کی جانب سے فرانسیسی سفارت خانے اور آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملے کے نتیجے میں مرنے والوں کی
تعداد 30ہوگئی ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برکینا فاسو کی حکومت اور فرانس نے کہا کہ مسلح افراد نے دارالحکومت اوگا ڈوگو میں واقع فرانس کے سفارت خانے اور فوج کے ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کیا ہے ٗحملے کے نتیجے میں8 حملہ آوروں سمیت30افراد مارے گئے ہیں ٗفرانس کے وزیر خارجہ جین یس لی ڈرین کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ فرانس کے سفارت خانے، ثقافتی مرکز اور فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والے آٹھوںشدت پسندوں کو جوابی کارروائی میں ہلاک کردیا گیا، فرانسیسی سفارت خانے اور ثقافتی مرکز پر صورت حال قابو میں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر برکینا فاسو کے فوجی تھے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں85سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ۔فرانس کے وزیر خارجہ جین یس لی ڈرین نے سفارتخانے پر حملے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ تاحال حملے میں کسی فرانسیسی شہری کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اس حوالے سے فرانس کے صدرایمینویل میکرون کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔