اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے معروف صحافی اور تجزیہ کار ہارون الرشید کاکہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے زیر اثر سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ایک خفیہ ملاقات کرکے ڈیل کرچکے ہیں ۔ انھوںنے اپنے ایک کالم میں لکھاہے کہ دونوں رہنمائوں کی ملاقات لاہور میں ایک بین الاقوامی سطح پر اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیت کے گھر میں ہوئی ۔ جس میں آئندہ حکومت مل کر بنانے کے حوالے سے عہد و پیماں ہوئے ہیں۔ہارون الرشید نے مزید کہا کہ یہ ڈیل آصف زرداری کی بھی سیاسی ضرورت ہے کیونکہ وہ اسے نوازشریف کے سیاسی مخالفین کےساتھ مل کر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ انھوںنے لکھا کہ آصف زرداری
کسی بھی صورت میں سندھ میں حکومت چاہتے ہیں تاکہ وہ سندھ میں افسر شاہی اور پولیس کو اپنی مرضی سے استعمال کرتے ہوئے گنے کے کاشتکاروں کا خون چوس سکیں۔ انھیں صدارت کے منصب کی بھی خواہش ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آصف زرداری اور نوازشریف کی خفیہ ملاقات کی خبرمیڈیا پر گردش کرتی رہی تاہم سابق صدر نے اس خبر کو بے بنیا د قرار دے دیا ۔