Tuesday April 16, 2024

طورخم ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر مریضوں سے رشوت لینے لگی افغان مریض سے رشوت لینے کی ویڈیو وائرل

پشاور : پاک افغان سرحد طورخم کے اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ طور پر مریض سے رشوت لینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد طورخم کے اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں لیڈی ڈاکتر کو مبینہ طور پر افغان مریض سے رشوت کا مطالبہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو پاک افغان دوستی اسپتال کے آفس میں بنائی گئی، مریض کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقلی کے بدلے 10 ہزار روپے کا مطالبہ کیا گیا، یہی نہیں، لیڈی ڈاکٹر رقم دینے والے شخص سے موبائل فون کا مطالبہ بھی کرتی رہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

دوسری جانب وائرل ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے ڈاکٹر کشمالہ طارق نے کہا کہ یہ ویڈیو تین ماہ قبل میرے آفس میں خفیہ طور پر بنائی گئی، رقم دینے والا میرا جاننے والا ہے، میں نے موبائل خریدنے کے لیے ایڈوانس رقم دی تھی۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور صارفین کی جانب سے بے جا تنقید کا سامنا ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے وفاقی وزارت صحت سے متعلقہ حکام کو ڈاکٹرکے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے علاج کی غرض سے آنے والے ہمارے مہمان ہیں، علاج کے لیے آنے والے افغان مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان افراد کے ساتھ اس قسم کا سلوک کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیے جانے پر ڈاکٹر کو ای این ڈی رولز کے تحت شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔

FOLLOW US