Friday April 19, 2024

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نےدورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ، کب پاکستان آئیں گے؟تفصیلات جانئے

جدہ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اعظم عمران خان اور ان کے وفد کا دورہ سعودی عرب مجموعی طور پرانتہائی سود مند رہا ہے، ماہ رمضان کی برکتیں اس میں شامل تھیں اور یہ دورہ پاکستانیوں کے لیے بہت سی خوشخبریاں لائے گا،وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کی، میں نے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جسے انہوں نے قبول کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عیدکےبعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے خدوخال طے کرنے کے لیے سعودی افسران کا وفد پاکستان تشریف لائے گا۔

انہوں نےکہاکہ سعودی ولی عہدنےہمیں سعودی عرب کے’وژن 2030‘کےخدوخال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ہے،ان کےمطابق اس وژن کو عملی جامہ پہنانےکےلیےانہیں اگلےدس سال کے دوران ایک کروڑ افرادی قوت درکار ہوگی، انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی افرادی قوت کی گزشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مطلوبہ افرادی وقت کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا، روزگار کے مواقع کے حوالے سے یہ پاکستانیوں کے لیے ایک بہت بڑی خبر ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اس کی آئندہ سمت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے باور کرایا کہ ان کے دورے کے نتیجے میں جو جذبہ خیر سگالی پیدا ہوا اس کے نقوش آج تک پاکستانیوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔

FOLLOW US