اسلام آباد: وزیر اعظم بغیر پروٹوکول اسلام آباد کی سڑکوں پر نکل پڑے ، عمران خان نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنی گاڑی خود چلا رہے تھے ، وزیراعظم کے ہمراہ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی بھی موجود تھے ، تاہم وزیراعظم کے ساتھ وزیراعظم آفس کے عملے کا کوئی اہلکار نہیں تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ارجنٹائن پارک ، ٹریل فائیو ، مرغزار اور مارگلہ روڈ کا دورہ کیا اور شجرکاری مہم میں لگائے گئے پودوں کو بھی چیک کیا ، اس کے علاوہ وزیراعظم نے اسلام آباد میں مرمت کی گئی سڑکوں کا معائنہ بھی کیا جب کہ وزیراعظم کو چیئرمین سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کی عوام سے ٹیلی فون لائن پر براہ راست بات چیت کا پروگرام تبدیل کردیا گیا ، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ کی تیسری نشست کے وقت کو تبدیل کر دیا گیا ہے ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی عوام سے ٹیلی فون لائن پر براہ راست بات چیت کی نئی تاریخ اور وقت کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے کہا گیا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان عوام سے فون پر براہِ راست بات کریں گے ، یہ پروگرام 2 مئ بروز اتوار دوپہر 1:30 بجے منعقد کیا جائے گا ، جس میں آپ کے سوالات پر وزیراعظم عمران خان جوابات دیں گے ، جب کہ وزیراعظم سے عوام کی بات چیت ٹیلی ویژن، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا پر براہ راست نشر کی جائے گی ، تاہم اب یہ بتایا گیا ہے کہ ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘ کی تیسری نشست کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے ، اس سلسلے میں نئی تاریخ اور وقت کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔