Thursday March 28, 2024

احتجاج سے ملک بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم اہم شاہراہیں بند، لاٹھی چارج سے 21افراد زخمی

لاہور : ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے دوسرے روز بھی ٹریفک درہم برہم ہے۔ کراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، کراچی اور دیگر شہروں میں اہم شاہراہیں بند ہیں، کچھ شہروں میں ٹریفک جزوی بحال کر دی گئی، بیشتر میں حالات بدستور خراب ہیں۔ لاہور میں چونگی امرسدھو، فیروزپور روڈ، قصور روڈ، یتیم خانہ چوک، شاہدرہ، درواغہ والا، بیگم کوٹ، امامیہ کالونی، سکیم موڑ میں تاحال مظاہرین سڑکوں پر ہیں، لوگوں کو سڑکوں کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی، حیدر آباد، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بلاک راستوں کے مقامات سے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں شہر اقتدار میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کے دستے تعینات کر دیئے گئے۔ ترجمان موٹروے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بھی سڑکیں بلاک کی گئی ہیں۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں چندا قلعہ چوک پر احتجاجی دھرنا دیا جارہا تھا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنےکے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔ لاٹھی چارج اور شیلنگ سے احتجاج کرنے والے 21 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جن کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ساہیوال میں بھی احتجاج جاری ہے۔ جی ٹی روڈ پر مشرقی بائی پاس کے قریب روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ احتجاج کے باعث نیشنل ہائی وے بند ہے اورعوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ علاوہ ازیں مذہبی جماعت کےکارکنوں کے احتجاج کے باعث دریائے ستلج پل پر ٹریفک جام ہے ، ڈی جی خان میں مذہبی جماعت کے کارکنوں کا غازی گھاٹ کے مقام پر احتجاج جاری ہے۔ ملتان میں بہاولپور بائی پاس دوسرے روز بھی ٹریفک کے لیے بند ہے جس سے مسافر پریشان ہیں جب کہ خانیوال میں لاہور موڑپرٹریفک کل دوپہر 3 بجے سے بند ہے جس سے گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوگئی ہیں اور مسافر شدید پریشان ہیں۔
فیصل آباد پولیس کے مطابق ضلع بھر میں مذہبی جماعت کےاحتجاج ختم ہوگئے جس کے بعد تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال ہے جب کہ موٹروے اور اطرف کے راستے بھی کھلے ہیں۔ دوسری جانب کوٹلی آزاد کشمیر میں راولپنڈی، میرپور اورلاہور جانے والی مرکزی شاہراہیں بدستوربند ہیں جس سے مسافرپریشان ہیں۔

FOLLOW US