Saturday May 4, 2024

19 مارچ تک تمام امتحان لے لئے جائیں۔۔۔پنجاب حکومت کا 19 مارچ سے تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان

لاہور : پنجاب حکومت نے 19 مارچ سے تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری و نجی سکولوں کو 19 مارچ بروز جمعہ تک امتحانات لینے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19مارچ تک تعلیمی اداروں میں صرف سینڈ اپس اور انٹری ایگزیمز لینے کی اجازت ہو گی۔ جمعہ کے بعد تمام سکول مکمل طور پر بند کر دئیے جائیں گے،مراد راس نے درخواست کی براہ کرم سکول 19مارچ تک امتحانات کا شیڈول ترتیب دے لیں۔ جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں سکولوں کو سیل کر دیا جائے گا۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے مزید کہا کہ یہ احکامات صرف لاہور، راولپنڈی ، ملتان ،سیالکوٹ، فیصل آباد گجرانوالہ،گجرات اور سرگودھا کے لیے ہیں۔ ۔یا رہے کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں اور خیبر پختونخوا میں تعلیمی اداروں میں 15 روزہ چھٹیوں کا اعلان کیا جا چکا ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے مطابق فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، لاہور ، ملتان ، راولپنڈی ، سیالکوٹ ، گجرات میں 15مارچ سے چھٹیوں کا اعلان کیا جارہا ہے جس کے تحت اسکول 28 مارچ تک بند رہیں گے ، جب کہ اسلام آباد میں بھی ان پندرہ روز کے لیے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، جس میں تمام صوبوں کے وزرا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، جس میں تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم نے بھی شرکت کی ، اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے چند دیگر شہروں میں 15 روزہ چھٹیوں کا اعلان کیا جاتا ہے تاہم جن اسکولز میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے ، پابندی کا اطلاق امتحانات پر نہیں ہوگا، جب کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور مظفرآباد کے تعلیمی ادارے بھی 15 سے 28 مارچ تک بند ہوں گے ، اس پابندی کا اطلاق اسکولز، کالجز، جامعات سمیت تمام تعلیمی اداروں پرہوگا تاہم باقی اضلاع اور شہروں میں 50 فیصد اسکولز میں تدریسی عمل معمول کے مطاقب جاری رہے گا تاہم جہاں کہیں بھی حالات خراب ہوئے وہاں اسکول کو بند کیا جاسکتا ہے ، جس کے لیے این سی او سی میں 2 ہفتوں تک حالات کا بار بار جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا صوبہ سندھ ، صوبہ بلوچستان میں حالات تقریباً ٹھیک ہیں اس لیے ان صوبوں میں50 فیصد بچوں کو روزانہ تعلیمی اداروں میں آنے کی اجازت ہوگی تاہم پنجاب ، آزادکشمیر اور خیبر پختونخوا میں کئی جگہ پر مسائل کا سامنا ہے۔

FOLLOW US