Thursday April 25, 2024

سپریم کورٹ کا سینیٹ میں خفیہ رائے شماری سے متعلق فیصلہ، ن لیگ کا ردِعمل آ گیا

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن نے سینٹ انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سے کی حمایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے۔ سپریم کورٹ کی اس رائے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے۔ سپریم کورٹ نے رائے دی ہے کہ سینیٹ انتخابات آئین کے مطابق ہوں گے۔ ماضی میں خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہمارے 6 سے 7 ووٹ چوری ہو گئے۔

آپ لوگوں کے حق پر ڈاکا ڈالیں اور شور کریں کہ اپوزیشن اوپن بیلٹ نہیں چاہتی۔جب کہ حکومت نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔ ے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے ہی حتمی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے میں نہ کسی کی جیت ہے اور نہ ہی کسی کی ہار ہے۔ واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کے متعلق سپریم کورٹ نے اپنی رائے میں کہا کہ ایوان بالا کے انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہی ہوں گے۔ اب سے کچھ دیر قبل چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے چار ایک کی شرح سے رائے سنائی۔ ریفرنس پر سماعت کرنے والے بینچ میں چیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس مشیر عالم، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس یحیی آفریدی شامل تھے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے دیگر ججز کی رائے سے اختلاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے متعلق صدارتی ریفرنس پررائے نہیں دینی چاہیے۔ بینچ میں شامل دیگر ججز نے اپنی رائے میں کہا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے ارٹیکل 226 کے تحت ہوں گے۔ خیال رہے کہ آئین کے آرٹیکل 266 میں واضح طور پر ذکرموجود ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ رائے شماری سے ہوں گے۔

FOLLOW US