Thursday May 2, 2024

تھر پارکر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کی نگرانی میں دھماکہ کیا گیا پی ٹی آئی رہنما نظام الدین راہموں کے سندھ پولیس پر سنگین الزامات

تھرپارکر : این اے 221 تھرپارکر ضمنی انتخابات، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے مخالفین پر پولیس کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشن پر دھماکہ کرنے کا الزام لگا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر ون میں ضمنی الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نظام الدین راہموں نے الزام عائد کیا ہے کہ کیسرار پولنگ اسٹیشن پر دھماکا کیا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں نظام الدین راہموں کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس ڈی ایس پی کی نگرانی میں میرے مخالف کی مدد کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے ایجنٹ گرفتار کیے گئے اور میرے ووٹرز کو بھگایا جا رہا ہے، لیکن تھرپارکر کی عوام حق اور سچ کو جیت دلائےگی۔ نظام الدین راہموں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور الیکشن کمیشن واقعے کا نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھرپارکر کے علاقے کروڑ و کیسراڑ سماں میں شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوکر سامان نذر آتش کردیا ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا، شرپسندوں نے پولنگ اسٹیشن میں آگ لگا دی اور سامان جلا دیا۔ واقعے میں تین پولیس اہلکاروں کی وردیاں بھی جل گئیں۔ شرپسندوں کی جانب سے پولنگ اسٹیشن میں تباہ کاریاں جاری تھیں کہ رینجرز نے موقع پر پہنچ کر پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 تھرپارکر میں ضمنی الیکشن میں آج پاکستان پیپلز پارٹی کے میر علی شاہ جیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے نظام الدین راہمون مد مقابل ہوں گے ۔

FOLLOW US