لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے معروف صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کی تیسری بیوی بشری مانیکا کے بنی گالا میں پہلا قدم رکھنے کے بعد فضاؤں میں ہونے والی تبدیلی کی زبردست عکاسی کر ڈالی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی تیسری شادی کی خبر ابھی بھی
پرانی نہیں ہوئی۔اور ابھی بھی میڈیا میں اس سے متعلق تبصرے کیے جا رہے ہیں۔عمران خان کو اپنی روحانی پیشوا سے شادی کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔اسی طرح معروف صحافی و کالم نگار سہیل ورائچ نے اپنے ایک کالم ’’شادی کا نثری سہرا ‘‘ میں لکھا ہے کہ شادی کا یہ نثری سہرااس لئے لکھنا ضروری ہے کہ یہ شادی بنیادی طور پر روحانی شادی ہے۔ لوگوں کوشاید علم نہ ہو کہ کرشماتی ہیروبالکل بدل چکے ہیں۔ ماضی کی پارٹیاں اور دن رات کی سرگرمیاں کب کی ترک کر دیں۔اب تو تسبیح ہے، نمازیں ہیں اور نوافل حتیٰ کہ اب تو وہ اشراق بھی پڑھتے ہیں۔ عبادات اوروظیفے معمول بن چکے ہیں۔ بنی گالہ کی فضا کئی ماہ پہلے سے ہی روحانیت سے معمور ہو چکی ہے۔ ہر طرف بھینی بھینی خوشبو پھیلی ہوئی ہے۔ جھیل کا پانی پہلے سے زیادہ صاف ہو گیا ہے اور اب اس کارنگ پہلے سے بھی زیادہ نیلا نظر آتا ہے۔ اس دفعہ موسم بہار کے اودے اودے نیلے اور پیلے پھول وقت سے پہلے ہی کھل گئے ہیں۔ رفیقہ ٔ حیات بنی گالہ پہنچیں تو فضا بھی مترنم ہوگئی ہوگی۔ اگرچہ ڈھول تاشے نہیں بجے مگر چڑیاں تو چہچہائیں ہوں گی ۔ بلبلیں اور کوئلیں تو چہکی ہوں گی۔ موقع ہی ایسا ہے آیئے سب مل کر ان کی شادی خانہ آبادی کی کامیابی کی دعا کریں۔