Friday April 26, 2024

بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے انسکب روڈ پر کمشنر آفس دھماکے سے لرز اٹھا،ہلاکتوں کا خدشہ، متعدد گاڑیاں تباہ

کوئٹہ : بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ دھماکے سے لرز اٹھا۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کو آج ہی کے دن دوسری مرتبہ دہشت گردی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے انسکب روڈ پر کمشنر آفس کے سامنے زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ اس سے قبل آج ہی روز بلوچستان کے شہر سبی میں دہشت گردوں کی جانب سے تخریبی کاروائی کی گئی۔ دہشت گردوں کی جانب سے سبی کے علاقے میر چاکر روڈ پر موٹرسائیکل میں نصب بم کو ریموٹ کنٹرول سے تباہ کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں آس پاس موجود لوگ نشانہ بنے۔ آخری اطلاعات تک دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد شدید زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ آج پورے ملک میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ ایسے موقع پر دہشت گردوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

FOLLOW US