Sunday November 10, 2024

مسافر جہاز میں بیٹھ کر مسلسل ” گیس” چھوڑتا رہا،، جہاز میں ہنگامہ آرائی ،،ایمرجنسی لینڈنگ

ویانا(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی سے ہالینڈ جانے والی پرواز کوایک مسافر کی طرف سے مسلسل گیس خارج کرنے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی ۔ عموماً فضائی سفر کے دوران کوئی فنی خرابی یا کسی بڑی پریشانی کے سبب ہوائی جہاز کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی جاتی ہے تاہم اس بار ایک عجیب و غریب واقعے کے باعث پائلٹ کو طیارہ منزل سے پہلے ہی راستے میں

اتارنا پڑگیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی سے ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم جانے والی ٹرانساویا ایئرلائن کی پرواز نے شیڈول کے مطابق اڑان بھری ، ابتداء میں سب کچھ ٹھیک رہا تاہم آگے کچھ ایسا ہوا جو لوگوں کے وہم و گمان میں ہی نہ تھا۔دوران سفر جہاز کا اندرونی ماحول اس وقت خراب ہونے لگا جب ایک مسافر کے گیس خارج کرنے کا نہ رکنے والا عمل شروع ہوا جس پر آس پاس بیٹھے مسافروں نے عملے سے شکایت کی تاہم توجہ دلانے کے باجود مذکورہ شخص بے قابو ہوکرلگاتار گیس خارج کرتا رہا۔ جب مسافروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو انہوں نے براہ راست جا کر پائلٹ کے سامنے معاملہ بیان کیا، کپتان سے شکایت پر وہ شخص آگ بگولہ ہوگیا اور طیش میں آکرمسافروں سے جھگڑنے لگا جس پر مسافر نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور شورشرابا شروع ہوگیا۔ مسافروں میں تلخی بڑھنے لگی تو کپتان نے منزل پر پہنچنے سے قبل ہی آسٹریا کے شہر ویانا کے ہوائی اڈے پر جہاز کی ایمرجنسی لینڈنگ کرادی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے جہاز میں داخل ہوکر 4 مسافروں کو حراست میں لے لیا اور پرواز کو اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا۔ ٹرانساویا ایئرلائن کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے حراست میں لیے گئے مسافروں پر سفری پابندی عائد کردی اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ان مسافروں پر ٹرانساویا ایئرلائن کے دروازے بند کردیے گئے ہیں۔

FOLLOW US