Saturday January 18, 2025

ڈالر، پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کی وجہ سے سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو گئی

لاہور : سریے کے بعد سیمنٹ کی قیمتیں بھی گر گئیں، ڈالر، پٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کی وجہ سے سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق گھر بنانے کے خواہش مند افراد کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند ہی دنوں میں سریے اور سیمنٹ کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی روپیہ مضبوط ہونے اور پٹرول ، ڈیزل سستا ہونے سے سیمنٹ کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں 50 روپے تک کمی آئی ہے۔ سیمنٹ کی بوری کا ریٹ 1210 روپے سے گر کر 1160 روپے پر آگیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگر مزید کمی ہوجائے تو سیمنٹ بھی مزید سستا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب لوہے کے اسکریپ کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون اور ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد تعمیراتی سریے کی قیمت میں بھی ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق روپے کی قدر میں اضافے کے زیراثر مارکیٹ میں سریے کی قیمت میں 50 ہزار روپے فی ٹن کی کمی ہوئی ہے،تاجروں کے مطابق فی ٹن سریے کی قیمت 2 لاکھ 90 ہزار سے کم ہوکر 2 لاکھ 40 روپے ہوگئی۔ تاجروں کے مطابق اگر پیداواری لاگت کم ہوں تو عام صارفین کیلیے بھی قیمتوں میں کمی آئیگی کیونکہ بجلی اور گیس کے بل کی وجہ سے خریداروں کو تاحال کم ہی ریلیف ملا ہے۔

FOLLOW US