Saturday April 27, 2024

عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت “200 روپے” کی سطح سے نیچے آ گئی

لاہور : عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت “200 روپے” کی سطح سے نیچے آ گئی، خام تیل کی قیمتیں بھی 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں، پاکستان میں ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے عوام کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان۔ روپے کی قدر میں بہتری کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 38 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پٹرول 12 اور ڈیزل 9 ڈالر فی بیرل سستا ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل ہو گئی، یعنی پاکستانی روپے میں 1 لیٹر پٹرول کی قیمت 182 روپے ہو گئی۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت بھی 117 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ گذشتہ روز ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 5 فیصد سے زائد کمی سے تیل کی قیمتیں 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آ چکیں۔

برطانوی خام تیل برینٹ آئل کی قیمت کم ہوکر 84 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت کم ہوکر 82 ڈالرز فی بیرل ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی عالمی معیشت کی سست روی اور کم طلب کے خدشات کی وجہ سے ہے۔ اوپیک کی جانب سے بھی تیل کی پیداوار میں مزید کمی نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی باعث گزشتہ کئی روز سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان غالب ہے۔

FOLLOW US